نواز شریف کے داماد، مریم نواز کے شوہر اور مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کہتے ہیں کہ میرے بعد میرے بھائی سجاد کو کامیاب بنائیں،سجاد ان کا مشن جاری رکھے گا، اس کا نشان ٹینک ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میری گرفتاری سے نواز شریف کا مشن ادھورا نہیں رہے گا، ہزارہ سے تعلق رکھنے والے مجھ جیسے ہزاروں بیٹے میاں نواز شریف پر قربان ہیں۔

علاوہ ازیں ایون فیلڈریفرنس کا فیصلہ آنے، احتساب عدالت سے 1سال قید بامشقت کی سزا سنائے جانے اور 10سال تک الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار پانے کے باوجود کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے آبائی علاقے مانسہرہ پر مشتمل حلقہ این اے 14 میں انتخابی مہم جاری رکھی۔

اوگی کے علاقے دربند میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ مجھے تناول کی دھرتی پر ہی گرفتار کیا جائے۔

کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت کے فیصلے سے قبل بھی تورغرکے گاؤں ٹلی سیداں، برادڑ اوردیگردیہی علاقوں میں اپنی انتخابی مہم میں کارکنوں سے ملاقاتیں کرتے رہے اورچھوٹی چھوٹی ریلیوں میں شریک رہے۔

اپنی انتخابی مہم کے دوران کہیں وہ ن لیگ کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے رہے اورکہیں نوازشریف کی خدمات سے متعلق کارنرمیٹنگ کرتے رہے۔

کارکنان سے ملاقات کے دوران کیپٹن (ر) صفدرکاکہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران ایک ایساگاؤں بھی دیکھا جہاں بچے نظم و ضبط سے استقبال کے لیے کھڑے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY