الیکشن کمیشن نے انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کے سربراہ کو آج طلب کیا ہے جس کا مقصد انہیں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو درپیش خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے نیکٹا کے سربراہ کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ انہیں سیاسی جماعتوں کے لئے حفاظتی انتظامات اور ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں انتخابی امیدواروں پر چار حملے ہوئےہیں، جن میں اب تک دو سو سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
سات جولائی کو خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے تھانہ بکاخیل کی حدود میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی کے اٹھاسی ملک شیریں کے قافلہ پر بم حملہ ہوا جس میں سات افراد زخمی ہو گئے۔
دوسرا دھماکہ دس جولائی کو ہوا، جہاں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے بیرسٹر ہارون بلور کی انتخابی مہم میں خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجےمیں پی کے اٹھتہر پر اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت اکیس افراد شہید ہوئے۔
تیسرا دھماکہ گذشتہ روز ہوا، جہاں این اے پینتیس سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی انتخابی جلسے میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ تھانہ ہوید کی حدود میں ان پر حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں، تاہم حملے میں اکرم درانی محفوظ رہے۔












