صدر بائیڈن کا قطر اور مصر کے سربراہان کو فون، غزہ جنگ بندی مذاکرات نتیجہ خیز بنانے پر زور

0
830

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے قطر اور مصر کے سربراہان سے فون پر رابطہ کیا ہے اور ان پر غزہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے لیے معاہدے پر زور دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے فون پر الگ الگ رابطہ کیا اور سفارتی کوششوں کے ذریعے جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکہ، مصر اور قطر تنازع میں بطور ثالث کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ غزہ جنگ بندی کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں اسرائیل کے نمائندے بھی شریک ہیں۔ البتہ حماس نے مذاکراتی عمل سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے۔

صدر بائیڈن نے مذاکراتی عمل کے ثالثوں سے ایسے موقع پر بات کی ہے جب وائٹ ہاؤس نے جمعے کو ایک بیان میں قاہرہ میں جاری مذاکرات کو تعمیری قرار دیا تھا اور فریقین پر زور دیا تھا کہ وہ مجوزہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے آگے بڑھیں۔

اسرائیل کا اصرار ہے کہ اس کی افواج کو مصر اور غزہ کی سرحد فلاڈیلفی کوریڈور پر تعینات رہنے کی اجازت دی جائے۔ تاہم حماس اس تجویز کو مسترد کرتی ہے اور اسے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں اسرائیل کی جانب سے انکار کی عکاسی قرار دیتی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY