پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت دیگر معاملات پر اپنے دور حکومت کی کارکردگی بیان کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بات نہیں کی۔
سابق وفاقی وزرا احسن اقبال، مفتاح اسماعیل اور مریم اورنگ زیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سی پیک کے قرضوں کا بوجھ پاکستان پر پڑنے کی باتیں پروپیگنڈا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بینچ مارکس قوم کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں جب ہم حکومت میں آئے تھے تو دیہاتوں میں بجلی نہیں ملا کرتی تھی لیکن مسلم لیگ (ن) نے محنت سے 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی جس کی بدولت آج زراعت اور صنعت کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی حکومت کو 5 اعشاریہ 8 فیصد پیداواری صلاحیت کی معیشت ورثے میں مل رہی ہے اورمسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انفراسٹرکچر میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی۔
انھوں نے کہا کہ ریلوے، سڑکیں اور ہائے ویز میں 8 سو ارب سے زائد سرمایہ کاری کی گئی، بھارت کی موٹر ویز کی لمبائی ساڑھے 14 کلو میٹر ہے جبکہ پاکستان میں 22 سو کلومیٹر کا انفراسٹرکچر ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت 45 بلین ڈالر کے منصوبے زیر تعمیر ہیں اور امید ہے کہ جاری منصوبوں کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تسلسل کی ضرورت تھی جو بعض وجوہات کی بنا پر نہیں مل سکی لیکن امید کرتا ہوں ان منصوبوں میں تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔
سابق وزیر نے کہا کہ ہم نے ترقیاتی بجٹ کو 43 ارب روپے تک پہنچا دیا ہے اور سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی سی پیک کو گیم چینجر تسلیم کرلیا اور چین کے سفیر سے بھی ملاقات کی ورنہ پی ٹی آئی سی پیک کو پاکستان کے لیے پھندا قرار دیتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں کے لیے مختص رقم میں ایک روپے کا قرضہ نہیں ہے، سی پیک کے دیگر منصوبوں کے قرضوں کی شرائط دنیا کی آسان شرائط ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت کو جی ڈی پی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد دی ہے اور ہماری دعا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی حکومت کے 5 سال پورے کرے اور اگر پی ٹی آئی کی حکومت نے مدت پوری کی تو معیشت کو مزید بہتر کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں جب معیشت ملی تھی تو کوئی 10 ڈالر سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا لیکن پی ٹی آئی اب اپنی ناکامی کسی اقتصادی امور پر ڈالنے کا جواز پیدا نہیں کرسکتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے آبی وسائل کی ترقی کے لیے روڈمیپ بنایا ہے، ملک میں ڈیم بنانے کے معاملے میں ہماری حکومت کے اقدامات کو تسلیم نہ کرنا مناسب نہیں۔
انھوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے ایک سو ارب روپے سے زیادہ خرچ کرکے زمین حاصل کی اور حالیہ بجٹ میں 23 ارب روپے مختص ہیں جبکہ منڈا ڈیم کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 2 ارب روپے بیس منی رکھا ہے، یہ تاثر حقائق کے مطابق نہیں کہ اس پر اب کام شروع کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 ارب روپے کا منصوبہ چندوں سے نہیں بن سکتا، پی ایس ڈی پی کے منصوبے غیرملکی فنڈنگ سے بنتے ہیں۔
الیکشن پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عوام نے ریکارڈ مینڈیٹ مسلم لیگ (ن) کو دیا ہے، میرے حلقے میں سست روی سے ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا اور دھاندلی کے حوالے سے ہر شخص اور جماعت چیخ اٹھی ہے۔












