اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
فواد حسن فواد سروسز اکیڈمی لاہور میں ڈائریکٹر جنرل تھے اور گریڈ 22 کے افسر تھے، انہیں نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں 5 جولائی 2018 کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔
فواد حسن فواد پر الزام ہے کہ انہوں نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دے کر مجموعی طور پر خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ فواد حسن فواد نے سرکاری اجازت کے بغیر نجی بینک میں غیر قانونی طور پر ستمبر 2005 سےجولائی 2006 تک نوکری کی۔
نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے بطور سیکریٹری صحت پنجاب مہنگے نرخ پر 6 موبائل ہیلتھ یونٹس بھی خریدے تھے۔













