متحدہ قومی موومنٹ نے وفاق میں تحریک انصاف کی حمایت کے اعلان کے ساتھ ہی کراچی پیکیج پر من و عن عمل درآمد کی یقین دہانی مانگ لی ۔
خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بنی گالہ پہنچا اور عمران خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر جہانگیر خان ترین ، شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنما موجود تھے ۔
وزارت اعظمیٰ کےلئے سیاسی جماعتوں کا نمبر گیمز جاری ہے ،کون کس کا ہم سفر ہوگا ،کس نے کونسی راہ چنی ہے ا س حوالے سے اہم فیصلے ہونے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لئے بنی گالہ میں موجود وفد میں متحدہ قومی موومنٹ کےکنوینر خالد مقبول صدیقی ،عامرخان اور فیصلہ سبزواری شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی قیادت سے پارتی دفاتر کھلوانے ،سندھ اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن اور گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کے بعد تعاون مانگ لیا ۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم قیادت نے مطالبہ کیا کہ کراچی سے متعلق ہر قسم کے امور میں انہیں اعتماد میں لیا جائےگا۔
پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے ایم کیو ایم کے ساتھ تمام امور پر اتفاق رائے کا دعویٰ کیا ۔













