کراچی میں عیدالاضحی کے پہلے دن لگ بھگ 10 لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی ۔
سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہونے کے بعد انتظامیہ نے فوری ایکشن دکھایا اور شہر بھر سے آلائشوںکو اٹھاکر ٹھکانے لگانے کا آپریشن شروع کیا ۔
شہر کی اہم شاہراہیں اور سڑکیں تو صاف ہیں لیکن گلی محلوں اور مضافاتی علاقوں میں اب بھی آلائشیں موجود ہیں۔
کراچی میں اس بار کم و بیش 20 لاکھ کے لگ بھگ جانوروں کی قربانی کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے ۔
تاہم ضلع وسطی، کورنگی اور ضلع کاونسل ملیر کے علاوہ 4 اضلاع کی ذمے داری سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہے جبکہ دیگر اضلاع اپنی ذمے داریاں خود نبھائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز کم و بیش 10 لاکھ جانوروں کو قربان کیا گیا، انتظامیہ نے سڑکوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو تو صاف کردیا لیکن گلی محلوں میں صفائی کا فقدان دکھائی دیا بالخصوص مضافاتی علاقے نظر انداز کیے گئے۔
کراچی کے جن علاقوں میں اب تک آلائشیں موجود ہیں، ان میں شیریں جناح کالونی، کیماڑی، ہجرت کالونی، مواچھ گوٹھ، بلدیہ، سہراب گوٹھ، اسکیم 33، لیاقت آباد اور لیاری سمیت بیشتر علاقے شامل ہیں ۔ عوامی شکایات کا وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے بھی اپنے دورے کے بعد اعتراف کیا ۔












