زیر اعظم محمد شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کلیدی خطاب کریں گے۔
پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کے تناظر میں وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کو درپیش چیلنج کو عالمی فورم پر اجاگر کرکے ماحولیاتی تبدیلی سے وابستہ خطرے سے اجتماعی طور پر نمٹنے کے لیے ٹھوس تجاویز کا خاکہ پیش کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے موقف اور نقطہ نظر سے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم افریقی یونین، یورپی یونین اور امریکہ کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے تحفظ خوراک اور COP-27 عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دونوں اجلاس عالمی برادری کو درپیش دو سب سے اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات پر غور و خوض کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں۔













