لاہور بھاٹی گیٹ کے قریب سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون اور بچی کے شوہر نے الزاما عائد کیا ہے کہ پولیس افسران نے ان پر تشدد کیا اور بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ جب میں بیوی اور بچی کے سیوریج لائن میں گرنے کی اطلاع دینے کے لیے پولیس اسٹیشن گیا تو پولیس نے مجھے ہی حراست میں لے لیا، ایس پی بلال اور ایس ایچ او زین نے مجھ پر تشدد کیا۔
ان کا کہنا تھا میری بیوی کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں تھی اس کے ساتھ سیر کے لیے آیا تھا، میں نے بتایا کہ دونوں کو اپنی آنکھوں سے گرتے دیکھا، ایس پی اور ایس ایچ او کہتے تھے تم جھوٹ بول رہے ہو، پولیس نے میرا موبائل فون بھی لے لیا تھا، جب واقعہ ہوا ایک بیٹا والدہ کے پاس تھا۔غلام مرتضیٰ نے الزام عائد کیا کہ ایس پی اور ایس ایچ او یہ کہتے رہے یہ کہو کہ تم نے اپنی بیوی اور بچی کو قتل کیا ہے، پولیس مجھ سے دونوں کا قتل زبردستی منوانا چاہتی تھی، پولیس نے میرے ساتھ میرے کزن تنویر کو بھی پکڑا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب ایک خاتون اور اس کی بچی سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی تاہم ابتدائی طور پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس خبر کو غلط قرار دیتے رہے اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا تاہم تقریباً 10 گھنٹے بعد خاتون اور اس کی بچی کی لاشیں 3 کلومیٹر دور سے برآمد ہوئیں۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں گرنے والی بچی کی لاش مل گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق سیوریج لائن میں گرنے والی 10 ماہ کی ردا فاطمہ کی لاش آؤٹ فال روڈ کی سیوریج لائن سے ملی ۔
دوسری جانب خاتون اور بچی کے سیوریج ہول میں گرنے کے واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر سے واپسی پر ائیرپورٹ پر ہی ہنگامی اجلاس طلب کیا اور واقعے سے متعلق غیر جانبدار فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔
علاوہ ازیں اس واقعے کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق متاثرہ خاتون، بچی اور شوہر کو6:47 پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے دیکھاگیا اور تینوں رات 7:22 پر داتا دربار کے سامنے پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق 7:30 بجے تینوں داتا دربار سے پرانی پرندہ مارکیٹ کی جانب جاتے دکھائی دیے اور پھر 7:32 پر ریسکیو 1122 کو خاتون اور بچی کے گرنے کی کال آئی جس کےبعد ریسکیو اہلکار 4 منٹ میں پہنچ گئے۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ خاتون کی ساس کو وہاں شور مچا کر لوگوں کو بلاتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش پہلے ہی نکالی جاچکی ہے۔











