این آر او کیس پر بڑی عدالت آج لگے گی، آصف علی زرداری کا جواب جمع

0
46

این آر او سے متعلق کیس کی بڑی عدالت آج لگے لگی، سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ سابق صدر آصف زرداری نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بیانِ حلفی ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔ ایک صفحے پر مشتمل بیانِ حلفی میں آصف زرداری کا کہنا ہے کہ وہ حلفیہ یہ بات کہتے ہیں کہ ان کی پاکستان سے باہر کوئی جائیداد یا کوئی بھی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، بیانِ حلفی میں جو بات کی ہے اس پر قائم ہوں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ ہی سپریم کورٹ میں این آر او سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس قومی مفاہمتی آرڈیننس کی وجہ سے ملک کا اربوں کا نقصان ہوا، لہٰذا قانون بنانے والوں سے نقصان کی رقم وصول کی جائے۔

واضح رہے سابق صدر پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007ء کو قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) جاری کیا تھا۔ 7 دفعات پر مشتمل اس آرڈیننس کا مقصد قومی مفاہمت کا فروغ، سیاسی انتقام کی روایت کا خاتمہ اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا بتایا گیا تھا جبکہ اس قانون کے تحت 8 ہزار سے زائد مقدمات بھی ختم کیے گئے۔ این آر او سے فائدہ اٹھانے والوں میں معروف سیاستدان بھی شامل ہیں جبکہ اسی قانون کے تحت سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو شہید کی واپسی بھی ممکن ہو سکی تھی۔

قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کو 16 دسمبر 2009ء کو سپریم کورٹ کے 17 رکنی بنچ نے کالعدم قرار دیدیا تھا اور اس قانون کے تحت ختم کیے گئے مقدمات بحال کرنے کے احکامات جاری ہوئے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY