پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ میں بیگم کلثوم نوازکی وفات پر افسردہ ہوں،ماضی میں میرے جن الفاظ سے ان کے اہلخانہ کو تکلیف ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں۔

میڈیا سے گفتگو میں اعتزازاحسن نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نیک اور پارسا خاتون تھیں، مجھے اظہار تاسف کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں نے ایسا نہیں کیا جس پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کابہت بڑا نقصان ہے، جمہوریت کیلئے ان کی گراں قدر خدمات تھیں،وہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں جوان مردی سے ڈٹی رہیں۔

رواں سال جون میں اعتزاز احسن کا ایک متنازع بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے شریف خاندان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ زبان زد عام ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک جہاں کلثوم نواز زیرعلاج تھیں، شریف خاندان کی ملکیت ہے،وہ کوئی اسپتال نہیں لیکن وہاں دل کے بائی پاس ہوتے ہیں۔

پی پی کے رہنما نے اپنے متنازعہ بیان میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے اپنے اہلیہ کے ساتھ رہنے کو تاخیری حربہ قرار دیا تھا،یہی بیان صدر مملکت کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کی حیثیت سے اعتزاز احسن کے نام پر ن لیگ کے اعتراض کی بنیادی وجہ سمجھا جاتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY