لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

0
724

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں اداکردی گئی ہے۔ نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ نے پڑھائی۔

نماز جنازہ میں شرکت کے لیے حسین نواز،حسن نواز ،اسحاق ڈار ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ،لندن میں مقیم شریف خاندان کے دیگر افراد، ، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام سمیت برطانیہ بھر سے بڑی تعداد میں ن لیگ کے کارکن پہنچے ۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ آج رات 11 بجے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ ان کی چھوٹی صاحبزادی اسما اور حسین نواز کے 2 بیٹوں سمیت خاندان کے دیگر افراد میت کے ساتھ آئیں گے۔

کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچنے پر کل ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں شام 5 بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین میاں شریف کے پہلو میں کی جائے گی۔

لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
سابق وزیراعظم نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ان سے تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

جاتی امرا میں پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی نفری بھی موجود ہے۔

لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچ گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق اور سابق وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود بھی جاتی امرا میں موجود ہیں۔

مریم نواز خواتین کے پنڈال میں آنے والوں سے ملاقات کریں گی جبکہ مریم اورنگ زیب، سائرہ افضل تارڑ، عظمیٰ بخاری اور دیگر وہاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ شہباز شریف گزشتہ رات لندن پہنچے تھے، اس موقع پر نواز شریف کے بیٹے حسین نواز چچا کو دیکھ کر فرط جذبات میں گلے لگ کر رو پڑے، شہباز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھتیجوں سے تعزیت کی تاہم حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئیں گے۔

اس سے پہلے حسین نواز نے والدہ کا جنازہ پاکستان بھیجنے کےانتظامات کیے، اس سلسلے میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت ضابطے کی تمام کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

جاتی امرا میں موجود نواز شریف اور مریم نواز سمیت شریف خاندان کلثوم نواز کی میت کا منتظر ہے، جہاں تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY