ایران کے گرد بڑی فوجی اور بحری طاقت جمع کرنے کے باوجود ایران کی جانب سے ہتھیار نہ ڈالنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مایوس ہیں۔
امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ صدر ٹرمپ نے ان سے سوال کیا کہ اتنے دباؤ اور بحری طاقت کی موجودگی کے باوجود ایران ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیوں نہیں کر رہا۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق صدر ٹرمپ نے استفسار کیا کہ ایران یہ کیوں نہیں کہتا کہ اسے ہتھیار نہیں چاہئیں، حالانکہ امریکا خطے میں اپنی عسکری موجودگی بڑھا چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مزاکرات کے دو ادور ہوچکے ہیں تاہم اب تک کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی قوت مزید بڑھا رہا ہے اور مزید ایک امریکی طیارہ بردار جہاں (ایئر کرافٹ کیریئر) بھی ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
…………………
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ائیر کرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدراسلامی جمہوریہ ایران کو نہیں گرا سکیں گے، امریکی صدر اپنی فوج کو دنیا کی مضبوط ترین فوج قراردیتے ہیں لیکن دنیا کی سب سےمضبوط فوج کو بھی ایسا تھپڑپڑسکتا ہےکہ وہ اٹھ نہ سکے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارہ دیتے ہوئے متعدد مرتبہ ایران کی جانب بحری بیڑہ بھیجنے کا ذکر کرچکے ہیں۔
دوسری جانب آج ایرانی پاسداران انقلاب نیوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاسداران انقلاب حکم ملتے ہی آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کے روز ’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘ مشق کے دوران چند گھنٹوں کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی۔
بحری مشق کے دوسرے مرحلے میں پاسدارانِ انقلاب نیوی کے جنگی اور فوری ردعمل دینے والے یونٹس نے حصہ لیا جس کا مقصد محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانا تھا۔
مشق کے دوران مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور فوجی ماہرین کے مطابق مشق میں مقررہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں نے بھی میزائل فائر کر کے عملی کارروائی کا مظاہرہ کیا جبکہ خلیج کے ساحلی علاقوں اور جزائر سے داغے گئے میزائلوں نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔













