سپریم کورٹ میں والد کا نام ہٹانے سے متعلق کیس

0
912

سپریم کورٹ میں والد کا نام ہٹانے سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ہم ولدیت کو ہٹانے کے معاملے پر حکم دے سکتے ہیں، ہمیں علماء اور شرعی عدالت سے بھی اس معاملے پر رائے چاہیے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں نادرا ریکارڈ میں والد کا نام ہٹانے سے متعلق تطہیر فاطمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے عدالت میں کہا کہ یہ بچی کہتی ہے کہ میرا نام تطہیر فاطمہ ہے میرے نام کے ساتھ سے والد کا نام ہٹایاجائے ، کیا ہم یہ فیصلہ دے سکتے ہے کہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شر یعت کے مطابق اور مہمڈن لا کے مطابق فیصلہ کرنا ہے ، اس نوعیت کا مقدمہ پاکستان کی جوڈیشل تاریخ میں کبھی نہیں آیا ، کیا ہم یہ کیس وفاقی شرعی عدالت کو بھیج دیں؟

چیف جسٹس نے اپنے عدالتی معاون مخدوم علی خان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے ان تمام سوالات پر معاونت کریں۔

عدالتی معاون مخدوم علی خان نے کہا کہ ریاست شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائنسز کے حصول کے لئے والد کی تفصیلات مانگتی ہے ،

چند ممالک میں پاسپورٹ پر والد کا نام نہیں لکھا ہوا ہوتا،نام کے اندراج سے متعلق اٹارنی جنرل بہترین رائے دے سکتے ہے ،نام ہٹانے کے لئے نادرا ایکٹ ، موٹر ویہیکل آرڈیننس اور پاسپورٹ ایکٹ میں ترمیم کرنا ہوگی ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہر دوسرے روز اس طرح کی درخواست آتی ہے کہ والد نے دوسری شادی کرلی اور پہلی بیوی اور بچوں سے لاتعلق ہوگیا ،اس طرح کے سماجی مسائل کا ہر دوسرے ر وز ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کیا یہ قانونی طور پر ممکن ہے کہ اپنے حقیقی والد سے لاتعلقی کی جاسکے۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ جب کسی ملک کے ویزے کے لئے درخواست دی جاتی ہے تو اس میں والدکا نام لکھنا پڑتا ہے۔شریعہ اعلی ترین قانون ہے، اگر ہم ایسا نہیں کرسکتے تو پھر والد اپنی اولاد کو تسلیم کرے، کیا ہم اس معاملے کو وفاقی شرعی عدالت بھیج دیں،اس معاملے پر علماء کی رائے بھی چاہیےیا پھر ہم سپریم کورٹ کے شرعی ایپلٹ بینچ کو معاملہ بھیج دیتے ہیں۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ پاکستان میں ولدیت کے بغیر کوئی سرکاری دستاویز جاری نہیں ہوتی، دوسرے ممالک میں ولدیت شناختی کارڈ اور دیگر کارڈز پر نہیں ہوتی، اس معاملے پر اٹارنی جنرل اپنی رائے دے سکتے ہیں ،لاوارث بچوں کی ولدیت کے معاملے پر عبد الستار ایدھی نے درخواست دی تھی، ایدھی ہوم میں پلنے والے لاوارث بچوں کی ولدیت عبد الستار ایدھی لکھنے کا حکم ہوا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تطہیر فاطمہ کا معاملہ قدرے مختلف ہے،یہاں پر تو والد زندہ ہے اور بچی کے ساتھ کھڑا ہوا ہے، بچی والد کا نام اپنے نام کے ساتھ لکھنے پر راضی نہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا قانونی طور پر والد سے تعلق توڑا جا سکتا ہے،؟

عدالتی معاون نے کہا کہ جذباتی طور پر توڑا جا سکتا ہے لیکن قانونی طور پر نہیں،ویزا سے لے کر ہر قسم کی دستاویز پر والد کا نام موجود ہوتا ہے۔

جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اسلامی قانون کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا،۔

عدالت میں موجود تطہیر کی والدہ نے کہا کہ ہماری درخواست یہ نہیں کہ ہم والد تسلیم نہیں کرتے، یہ شہریت یا دین کا معاملہ نہیں، ہم نے صرف یہ چاہا کہ والد کا نام ہٹا کر والدہ کا نام لکھا جائے، ہم نہیں کہتے کہ ہمیں بنت پاکستان مانا جائے۔

تطہیر ہماری بیٹی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ تطہیر کہہ رہی ہے کہ باپ سے کچھ نہیں چاہیے، نام کہاں کہاں پر تبدیل ہوگا، یہ تو شرعی والد ہیں ہم اس پر کیا کر سکتے ہیں، کیا قانونی طور پر ممکن ہے ہم والد کا نام ہٹا دیں۔

عدالت نے نادرا اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر والد اپنے بچے کی دیکھ بھال اور بطور والد ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا تو کیا ولدیت میں اس کا نام لکھا جاسکتا ہے؟بتایا جائے کہ ایسے والد کا نام برتھ سرٹیفیکیٹ، اسکول سرٹیفکیٹ اور شناختیکارڈ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے ہٹایا جاسکتا ہے؟شرعی طور پر بھی اس معاملے پر معاونت کی جائے۔

تطہیر فاطمہ کے والد شاہدایوب نے عدلات میں کہا کہ میں عدالت سے انصاف کی امید کرتا ہوں،عدالت میں غلط بیانی کی گئی کہ میں بیٹی کا خرچ نہیں دیتا تھا،میں نے اپنی بیٹی سے ملنے کی بہت کوشش کی، تطہیر کی ماں نے مجھے بیٹی سے ملنے ہی نہیں دیا ،میں 2016 تک بیٹی سے ملنے کی کوشش کرتا رہا۔

تطہیر فاطمہ کے والد کی مالی اور معاشی حالت سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔ عدالت نے معاون مخدوم علی خان سے رائے طلب کرتے ہوئےسماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

SHARE

LEAVE A REPLY