قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان گروئن انجری سے اب تک صحتیاب نہیں ہو سکے اور آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے۔
شاداب ایشیا ءکپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور تاحال انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے جس کے سبب وہ آسٹریلیا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
شاداب خان کی انجری کے سبب پاکستان کا یاسر شاہ سمیت میچ میں دو لیگ اسپنر کھلانے کا منصوبہ بھی ناکام ہو گیا ، ممکنہ طور پر آل راؤنڈر بلال آصف کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے۔
شاداب کی انجری کے ساتھ ہی تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت بھی یقینی ہو گئی جنہیں ابتدائی طور پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا لیکن ماہرین کی جانب سے تنقید کے بعد انہیں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2014 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں اسپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
مذکورہ سیریز میں یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور محمد حفیظ پر مشتمل اسپن باؤلنگ اٹیک نے آسٹریلیا کی 40 میں سے 30وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان نے سیریز میں 2-0سے کلین سوئپ کیا تھا۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ بلال آصف کے ساتھ ساتھ میر حمزہ ڈیبیو کرانے پر بھی غور کر رہی ہے اور ٹیم وہاب ریاض یا میر حمزہ میں سے کسی ایک کو کھلانے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار ہے۔












