آزاد جموں و کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے کو آج 20 برس مکمل ہوگئے، لیکن دو دہائیاں گزرنے کے باوجود تعمیرات کے معیار اور شہری منصوبہ بندی میں بہتری کا سفر ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں آج سے 20 برس قبل صبح 8 بج کر 52 منٹ پر زمین لرز اٹھی، 7.6 شدت کے زلزلے سے چند لمحوں میں بستیاں ملبے میں بدل گئیں اور 46 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔
کے پی کے صوبے کا ایک خوبصورت شہر بالاکوٹ جو کہ دریائے کنہار کے کنارے موجود ہے، مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
اسلام آباد میں مارگلہ ٹاور منہدم ہوگیا تھا اور عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا، جبکہ آزاد کشمیر اور مانسہرہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.6 تھی۔
8 اکتوبر کے زلزلے میں مظفرآباد اور بالاکوٹ شہر مکمل تباہ جبکہ باغ، ہزارہ اور راولاکوٹ میں ہزاروں لوگ متاثر ہوئے تھے۔ زلزلے میں 28 لاکھ لوگ بے گھر ہو گے تھے۔ زلزلے کے بعد سب سے پہلے افواج پاکستان نے ریلیف آپریشن شروع کیا تھا۔ اکتوبر 2005 سے نومبر 2006 تک افواج پاکستان کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن عالمی سطح پر سراہا یا گیا تھا۔۔













