پنشن میں فوری طور پر دو سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ سید قائم عباس۔
(ملک اسلم اعوان، نمائندہ عالمی اخبار، اسلام اباد، پاکستان)
آل پاکستان پنشنرز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر قائم عباس نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پنشنرز کی پنشن میں فوری طور دو سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔ کمر توڑ مہنگائی نے گزشتہ ستتر سال کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ اشیائے ضروریہ عام آدمی کی قوت خرید سے تجاوز کر چکی ہیں۔ اس کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے خصوصا پنشنرز ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ ملک معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ اشرافیہ مخصوص طبقے کو چار چار ماہ کی اضافی تنخواہیں بانٹ رہا ہے۔ اس تمام صورت حال پر غور کرنے کیلئے اپوا کا خصوصی اجلاس صدر قائم عباس کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک اسلم اعوان، فضل ودود، مختیار علی خان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنشن میں فوری طور پر دو سوفیصد اضافہ کیا جائے میڈیکل الاؤنس جو کہ کئی سالوں سے منجمد ہے اس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ تین سو یونٹ تک بجلی مفت مہیا کی جائے۔ مراعات یافتہ طبقے سے مفت بجلی، گیس، پٹرول جیسی سہولتیں کو ختم کر کے عوام کو حقیقی ریلیف مہیا جائے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کی تمام پنشنرز تنظیموں سے رابطے کرکے متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ بجٹ سے قبل پنشنرز کا ایک وفد حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کرے۔












