اگر آپ عید الفطر پر رشتہ داروں یا دوستوں سے ملنے کسی دوسرے شہر یا سیر کی خاطر کسی سیاحتی مقام پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اپنے پروگرام میں فوراً تبدیلی کر لیں، کیونکہ اس مرتبہ عید کی چھٹیوں کے دوران ملک بھر میں لاک ڈاون کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان میں 13 یا 14 مئی کو عیدالفطر کا امکان ہے اور وفاقی وزارت داخلہ نے آئندہ پیر سے ہفتے (10 سے 15 مئی) تک چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔
تاہم کرونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ کوآپریشن سنٹر(این سی او سی) کی ایما پر حکومت نے آٹھ سے 16 مئی تک ملک میں مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق تمام کمرشل بنکوں کی ملک بھر میں برانچیں آٹھ مئی کو صبح نو سے دوپہر دو بجے تک بغیر کسی وقفے کے کھلی رہیں گی۔
لاک ڈاون کا مقصد پاکستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ گھروں تک محدود کرنا ہے، تاکہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے کیسز کی تعداد پر قابو پایا جا سکے۔
این سی او سی نے اس عیدالفطر پر ’گھروں تک محدود رہیں محفوظ رہیں‘ کے تحت عوام سے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر ساڑھے آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ چار ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران پاکستان میں اموات اور مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس موزی وائرس کی وجہ سے 140 ہلاتیں ہوئیں، جبکہ چار ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔













