وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شریف خاندان کے مستقبل کو تاریک قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک بنانے کا اعلان کرنے کو تیار ہیں لیکن ’ہم ہی نرمی دکھا رہے ہیں‘۔
لاہور میں تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو انتشار کا سامنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سوئپ کرے گی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’سابق حکومت مسلم لیگ (ن) کی (لوٹ مار) کی وجہ سے تحریک انصاف کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس بیل آؤٹ پیکیج کے لیے اس لیے جانا پڑا اور قرض کے لیے ہمیں 8 ارب ڈالر کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کا گھر لوٹا ہوا ہو تو اسے چلانے کے لیے باہر سے مدد چاہیے ہوتی ہے تاکہ آپ چوروں کو پکڑ سکیں‘۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے لیا جانے والا قرض ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کے بعد لوٹایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ اس وقت میں جو فرق ہے وہ یہ کہ ووٹر اور حکومت اس بات پر پرعزم ہیں کہ وہ ملک میں لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے‘۔












