قومی اسمبلی میں قائد ِحزب اختلاف شہباز شریف کی ضمانت کیلئے لائرز فاؤنڈیشن نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، درخواست گزار کامؤقف ہے کہ شہباز شریف کو انکوائری مکمل اور جرم ثابت ہونے سے قبل گرفتار کیا گیا، جو آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔
لاہورہائیکورٹ میں درخواست لائرز فاؤنڈیشن کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈوکیٹ نے دائر کی ۔
درخواست میں اجمل میاں اور جسٹس حمود الرحمٰن کیسزکے فیصلوں کے حوالے دیئے گئے ، درخواست گزار کامؤقف ہےکہ شہباز شریف پر آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں لطیف سنزکمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے کاسا کنسٹرکشن کمپنی کو دینے کا الزام ہے۔
ایڈوکیٹ اے کے ڈوگر نے درخواست میںکہا کہ آرٹیکل 10 کے تحت فری اینڈ فیئر ٹرائل ہر ملزم کا بنیادی حق ہے، لیکن نیب نے شہباز شریف کو فری اور فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا ۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کی گرفتاری کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ان کی ضمانت منظور کی جائے۔













