گلوکار و اداکار فخر عالم نے نیا روسی ویزا ملنے کے بعد ایک مرتبہ پھر اپنا مشن پرواز شروع کردیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ فخر عالم کو روسی حکام نے نیا ویزا جاری کردیا ہے، ان کا طیارہ روسی شہر یوژنو-سخالنسک میں لینڈ کرچکا ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں ترجمان وزارت خارجہ محمد فیصل نے بتایا کہ اس دوران پاکستانی سفارت خانے کے عہدیدار فخر عالم کے ساتھ رابطے میں رہے۔
جبکہ انہوں نے روسی وزارت خارجہ کے سپورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بعدازاں فخر عالم نے خود بھی ٹویٹ کے ذریعے لوگوں کو بتایا کہ انہیں نیا ویزا دیا جاچکا ہے اور وہ پٹروپاولوسک-کامچاٹسکی ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔
فخر عالم نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی حکومت، روسی حکام، عوام اور میڈیا کے سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے اس مشن پرواز کو جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اداکار فخر عالم کو ویزا ایکسپائر ہونے کی بناء پر روس کے ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا، جس کی اطلاع اداکار فیصل قریشی نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو دی تھی۔
فیصل قریشی نے فخر عالم کا پیغام پاکستانی حکومت اور مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ویزا ایکسپائر ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ حکام نے انہیں حراست میں لے لیا ہے اور وہ انہیں واپس جاپان جانے پر مجبور کررہے ہیں۔
جس کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاملے کا نوٹس لیا۔
خیال رہے کہ ‘مشن پرواز’ کا آغاز فخر عالم نے رواں ماہ 10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے چھوٹے سے شہر ‘واٹرز’ سے کیا تھا اور وہ 16 اکتوبر کی صبح دبئی کے ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔
اس مشن کے تحت انہیں دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جانا تھا جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔












