شام میں روسی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملہ محفوظ

0
1092

روسی خبر رساں اداروں نے وزارت دفاع کے حوالے سے خبروں میں بتایا ہے کہ گذشتہ روز شام کے شہر تدمر میں فوج کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر فائرنگ کے واقعے کے بعد ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران اس پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے ہیں اور انہیں حمیمیم فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھردوسری جانب شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کے مقرب ذرائع ابلاغ اور داعش کی آن لائن نیوز ایجنسی ’اعماق‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کے فوجی ہیلی کاپٹر کو اس کے جنگجوؤں نے وسطی حمص کے علاقے حویسیس میں ایک راکٹ سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ حویسیس قصبہ شام کے اللاذقیہ شہر کے جنوب مشرقی حصے میں قائم روسی فوجی اڈے ’حمیمیم‘ سے 200 کلومیٹر دور ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے روسی وزارت دفاع کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روسی ہیلی کاپٹر کو تدمر میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد ہیلی کاپٹر واپس فوجی اڈے پرنہیں پہنچ سکا اور اسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے تاہم فائرنگ کے واقعے میں ہیلی کاپٹر پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے ہیں۔ روسی فوج نے حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا فوری پتا چلانے کے بعد اس کے عملے کو حمیمیم فوجی اڈے منتقل کردیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY