امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ عرب ملک یمن میں پرتشدد حالات کا خاتمہ ضروری ہے۔ اُن کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب یمن کی جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کا نیا مشاورتی و مصالحتی عمل نومبر میں شروع ہونے والا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس مشاورتی عمل کے حوالے سے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کو یمنی صورت حال پر فریقین سے مثبت اور تعمیری مشاورت کرنا ہو گی۔ انہوں نے خاص طور پر یمن کی شہری آبادی والے علاقوں میں ہر قسم کی جنگی کارروائیوں کے خاتمے کو نہایت اہم قرار دیا۔ یمنی خانہ جنگی سے چودہ ملین افراد متاثر ہیں۔












