عاشورہ کا پرامن انعقاد قومی یکجہتی اور فورسز کی مثالی کارکردگی کا مظہر ہے: محسن نقوی

0
808

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عاشورہ کا پرامن انعقاد قومی یکجہتی اور فورسز کی مثالی کارکردگی کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں عاشورہ کے تمام جلوس اور مجالس کے بخیر و عافیت اختتام پذیر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر فوج، رینجرز، پولیس، انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ محرم پر تعینات ہر جوان، افسر اور اہلکار کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیئے اور عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے علماء کرام کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علماء نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یکم محرم الحرام سے لے کر عاشورہ تک ایک مربوط اور مؤثر سکیورٹی پلان پر کامیابی سے عمل درآمد کیا گیا جس کی بدولت پورے ملک میں پرامن ماحول قائم رہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام فورسز اور فیلڈ فارمیشنز نے دن رات ایک کر کے مثالی نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ عشرہ محرم الحرام بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔

SHARE

LEAVE A REPLY