وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب سائفر کامعاملہ سامنے آیا تو موجودہ سیکرٹری خارجہ اُس وقت امریکا میں ہمارےسفیرتھے، سیکرٹری خارجہ نےکہا کہ اُن کی ڈونلڈ لو سے ملاقات ہوئی، گفتگو میں سازش کا کہیں دور دور تک تذکرہ بھی نہیں تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف اگلے ماہ پاکستان آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے۔
علاوہ ازیں ویب سائٹ ’وی نیوز‘ کو انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی کس بات پر یقین کریں ؟ اس بات پر کہ امریکا نے سازش کی یا امریکا نے سازش نہیں کی، وہ سر سے پاؤں تک جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا سائفر ڈرامہ ایک بہت بڑا جرم تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے سعودی عرب سے تعلقات خراب کرنے کی مجرمانہ کوشش کی، سعودی حکومت کے خلاف ایک بلاک بنانے کی اسے تنہا کرنے کی کوشش کی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا،،مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اگلا الیکشن صرف نواز شریف کے کارکن کی حیثیت سے لڑیں گے۔













