آفتاب بہت آہستہ آہستہ کھانا کھاتے ہیں ۔ ۔۔ وہ کبھی خان بھائی سے باتیں کرتے تو کبھی مجھے بھی شامل کر لیتے ۔۔ ہاں یہ بات تو بتانا بھول ہی گئی کہ خان ٹرکش ریسٹورنٹ میرا فیورٹ اس لئے بھی تھا کہ وہاں ہاتھ دھونے کا انتظام مکمل صفائی کے ساتھ تھا ۔ زیادہ تر لوگ بسم اللہ سے کھانا شروع تو کردیتے تھے لیکن انہیں ہاتھ دھوتے کم ہی دیکھا تھا ۔
خیر اب تو بھلا ہو کووویڈ کا جس کی وجہ سے سینی ٹائیزر کی چھوٹی چھوٹی بوتلیں ہر ایک کے پاس سے مل جاتی تھی ۔ اور رسٹورینٹس میں تو ہر ٹیبل کی زینت بن چکی تھی ۔ مجھے یاد ہے جب میں کوویڈ کی ڈائری لکھ رہی تھی تو میرا یہ جان کر دل ہی بیٹھ گیا تھا کہ کوئی بھی وبا پانچ سال سے پہلے ختم نہیں ہوتی ۔۔۔ کوویڈ کی وبا کے یاد آتے ہی یادوں نے جیسے مجھے پکڑ ہی لیا ۔۔ ہائے 2019 میں ابا جی رح اور امی جی کی قبر کی زیارت کی تھی ۔۔ تب سے اب تک ان کا دیدار بس تصویروں اور خوابوں ہی میں ممکن ہو پارہا تھا ۔۔ میری آنکھوں میں آنسوؤں کی نمی در آئی ۔۔ یہ بھی شکر تھا کہ چشمہ پہنتی ہوں تو بہت کچھ چھپا لیتی ہوں۔


میں اکثر سب سے کہا کرتی تھی کہ مجھے پوری حیات میں جو سب سے تکلیف دہ بات لگتی رہی وہ پبلک ٹوائلٹ کا استعمال تھا ۔۔ ریل گاڑی میں شاز و ناز ہی جاتی تھی ۔۔ ایک سفر تو مجھے یاد ہے جب میں پورے بہتر گھنٹے بھوکی پیاسی رہی تھی کہ کہیں ٹایئلٹ نہ جانا پڑ جائے ۔۔ کیسے بتاؤں مجھے گندے ٹوائلٹ سے گھن آتی ہے ۔۔ خوفناک سے جراثیم ٹوائلٹ سیٹ پر چلت پھرتے نظر آتے ۔۔ میرے بہن بھائی میری اس عادت سے بیزار نہیں پریشان رہتے ہیں ۔۔ میرے بچے میرے سامنے اپنی کہنیوں سے دروازہ کھول کر دیتے ہیں ۔۔۔ میرے پرس میں یا پینٹ کی جیب میں ہر وقت ہینڈ سینی ٹائزر رہتا ہے ، اس سے ہینڈل اور سیٹ کو صاف کرتی ہں یا ہینڈ واش لیکویڈ کو ٹشو پر لگا کر سیٹ صاف کرتی ہوں ۔ پھر استعمال کرتی ہوں ۔
پتہ نہیں یہ زیادہ پڑھنے کانقصان تھا کہ ڈاکٹر ہونے کا نقصان ۔۔ بس ریسٹ روم میں جانے کے لئے میرے بہت سارے
(Paranoia)
موجود ہیں ، اور یہ پریشانی تھوڑی سے بہت زیادہ ہوسکتی ہے۔ جی ہاں، عوامی بیت الخلاء میں بہت سارےجراثیم ہوتے ہیں، جن میں اسٹریپٹوکوکس
(Streptococcus)
، سٹیفیلوکوکس
( Staphylococcus)
، ای کولی
(E. coli)
اور شگیلا بیکٹیریا
(Shigella bacteria)
، ہیپاٹائٹس اے وائرس
( Hepatitis A virus)
، عام زکام کا وائرس
(Flu Virus)

، اور جانے کون کون سی جنسی بیماریاں
(STDs like Chlamydia or Gonorrhea)
جو صفائی نہ ہونے سے منتقل ہو سکتی تھی ۔۔
میں اپنے بچوں سے کہتی تھی کہ مجھے “جراثیم فوبیا” نہیں ہے بلکہ اپنی اور تم سب کی حفاظت کو کہتی ہوں۔ گو کہ یہ سارے جراثیم کچھ دیر کے لئے ہی کھلی ہوا میں زندہ رہ سکتے ہیں لیکن اس کچھ دیر میں جو ہم سے کسی نے ٹوائلیٹ استعمال کر لیا تو جراثیم ٹوائلٹ سیٹ سے آپ کے پیشاب کی نالی میں، یا کٹے ہوئے زخم جوکبھی پھوڑے پھنسی یا بال توڑ کی صورت کولہوں یا رانوں پرہوجاتے ہیں تو انفیکشن اس میں منتقل ہو جاتا ہے ۔۔ صد شکر کہ تحقیق یہ ضرور یقین دلاتی تھی کہ بیت الخلا کے گندے ہونے سے سب سے کم جنسی بیماریوں والے جراثیم پھیلتے تھے لیکن کیا معلوم ۔۔ میری تو سوچ سوچ کر دل کی دھڑکنیں بند ہونے لگتیں ۔
اف اب یہ بات بھی لوگ کم کم ہی جانتے ہیں کہ جب بیت الخلا کو فلش کیا جاتا ہے تو فضلہ میں موجود جراثیم ہوا میں پھیل سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے، نیویارک یونیورسٹی میڈیکل سینٹر اور ماؤنٹ سینائی میڈیکل سینٹر میں کلینیکل مائکرو بایولوجی اور ڈائیگنوسٹک امیونولوجی کے ڈائریکٹر فلپ ٹیرنو، ٹوائلٹ کو فلش کرنے کے فوراً بعد چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ مائکروسکوپک جراثیم سے محفوظ رہا جا سکے۔۔۔
اف میں تو کئی ہسپتالوں میں کام کرتی تھی ۔۔ اور جم بھی ریگولر جاتی ہوں ۔۔ جانے کہاں کونسا جراثیم ہو ۔ سنک، ٹونٹی کے ہینڈل اور ٹائلٹ پیپرز اور ٹشو ۔۔ مجھے سوچ کر ہی جھرجھری سی آگئی ۔
ایک سروے جو
ASM
کی کلین ہینڈز مہم کا حصہ تھا اس نے اس راز کا انکشاف کیا کہ اگرچہ 95% مرد اور خواتین دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ عوامی بیت الخلا استعمال کرنے کے بعد ہاتھ دھوتے ہیں، محققین کے مشاہدات سے معلوم ہوا کہ حقیقت میں صرف 67% ہی ایسا کرتے ہیں۔۔
دی سیکرٹ لائف آف جرمزنامی کتاب
The Secret Life of Germs
کے مصنف ٹیرنو کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنے ہاتھ دھوتے ہیں تو بھی آپ اسے ٹھیک سے نہیں کرتے کہ کچھ لوگ پانی کے بہاؤ کے نیچے صرف ایک سیکنڈ کے لیے اپنے ہاتھ تیزی سے ہلاتے ہیں، اور وہ صابن کا استعمال نہیں کرتے۔ اس سے بہت کم فائدہ ہوتا ہے ۔ اسی لئے
Tierno
تمام ہاتھوں اور انگلیوں پر صابن والے پانی کو 20 سے 30 سیکنڈ تک رگڑنے کا مشورہ دیتا ہے، بشمول ناخنوں کے نیچے۔ جیسے ہی آپ ہاتھوں کو ایک ساتھ رگڑ کر رگڑ پیدا کرتے ہیں، آپ کے ہاتھوں پر بیماری پیدا کرنے والے جراثیم گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔۔ مجھے اپنے ہسپتال کے واش روم میں لگی تصویر یاد آگئی جس میں بتایا گیا تھاکہ ہاتھ کیسے دھونے چاہیئے۔ ۔ لیکن یہ میرا معمول تھا کہ کلینزنگ ٹائلٹریز میرے ساتھ ہوتی تھیں اور صفائی کا خیال رکھتی تھی۔

اللہ پاک نے کائینات کو کب سے سمجھا دیا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے ۔۔۔۔ کتنی بار سنا ۔۔لکھا ۔۔ لیکن کس نے عمل کیا ۔۔ سب جانتے ہیں ۔ میں اپنے ہاتھ ہینڈ واش لیکویڈ سے مسلسل دھو رہی تھی ۔۔ آفتاب جانے کب سے میری خاموشی کو سن رہے تھے ۔۔ انہوں نے پانی بند کر دیا اور مجھے کرسی پر بٹھا دیا ۔
سب ٹھیک ہو گا
کیا ٹھیک ہو گا ۔۔؟
تمہاری رپورٹس ۔۔۔ ڈاکٹر برلنگ سے اپوائنمنٹ ۔۔ بون اسکین
میں جانتی ہوں ۔۔
لیکن سنیئے کیا ہم صرف کینسر سے مرتے ہیں ۔۔
ہم تو کبھی بھی کسی بھی وجہ سے مر سکتے ہیں ۔۔ بہت سے لوگ تو بغیروجہ کے بھی مر جاتے ہیں ۔۔۔
ہاں ۔۔ جیسے امی جی ۔۔۔ آفتاب کو اپنی ماں یاد آگیئں جو خوشی خوشی رات کے گیارہ بجے سوئی تھیں اور صبح فجر پر ہمارے درمیان نہیں تھیں ۔کیا اچھا تھا ۔۔ کیا برا۔۔۔ سچ یہی تھا کہ ہمیں ایک روز واپس جانا ہے ۔
بابا بلھے شاہ نے شاید میری ہی کیفیت کے لئے کہا تھا
نہ تیری نہ میری
چار دناں دا میلہ
دْنیا فیر مٹی دی ڈھیری۔
جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم













