سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غائبانہ نماز جناہ مکہ مکرمہ کی جامع مسجد اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں ادا کی گئی۔

مدینہ منورہ میں علی الصبح ہونے والی غائبانہ نماز جنازہ میں مقتول صحافی کے بیٹے صلاح خاشقجی نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں: جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر نماز جنازہ کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں نماز جمعہ کے بعد مکہ مکرمہ میں نماز ادا کی گئی۔

علاوہ ازیں ترکی کے شہر استنبول میں فاتح مسجد میں جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ لندن میں فنسبری پارک مسجد میں بھی نماز جمعہ کے بعد نماز جنازہ کی ادائیگی کا امکان تھا۔

برطانیہ کی مسلم ایسوسی ایشن کے سی ای او انس التکریتی کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ لندن میں جمال خاشقجی کی نماز جنازہ میں سیکڑوں مسلمان شریک ہوں گے۔

دوسری جانب جمال خاشقجی کی منگیتر ہیتائس سینگز کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مسلمان نماز جنازہ ادا کر ہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس اس ظلم کا جواب دینے کے لیے یہی بہتر عمل ہے۔

جمال خاشقجی کے ایک دوست فتح اوکی کا کہنا تھا کہ مقتول صحافی کے اہل خانہ کو اس وقت تک سکون نہیں ملے گا جب تک ’انصاف‘ نہیں مل جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ’آج ہم چاہتے ہیں کہ ان کی روح کو سکون پہنچے، اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو ہم بہت خوش ہوں گے لیکن اس غائبانہ نماز جنازہ سے ہماری ضرورت پوری نہیں ہوگی کیونکہ ہم جمال خاشقجی کی روح، ان کے اہل خانہ اور صحافت کے لیے اصل انصاف کے منتظر ہیں‘۔

SHARE

LEAVE A REPLY