کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے کارکن کو بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں مجموعی طور پر 24 سال قید کی سزا سنا دی۔

مجرم نعمان خان پر سفاری پارک سے ملحقہ ‘گو ایش ایڈوینچر پارک’ میں 2017 میں بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات ثابت ہو گئے۔

مجرم کے خلاف گلستان جوہر پولیس اسٹیشن میں بارودی مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے دو مختلف کیسز درج تھے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن نے زیر حراست ملزم پر عائد الزامات ثابت کر دیئے لہٰذا عدالت مجرم نعمان خان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 ایف کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 14 سال قید بامشقت جبکہ بارودی مواد رکھنے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سناتی ہے۔

عدالت نے مجرم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا جس کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید ایک سال قید میں گزارنا ہوگا۔

بارودی مواد اور غیرقانونی اسلحہ کیسز میں ایم کیو ایم لندن کے رکن اور مفرر ملزم انبساط ملک کا مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق رینجرز کو اطلاع ملی تھی کہ ملزم انبساط ملک نے پبلک پارک میں دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ چھپایا تھا، تاکہ اسے شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

تاہم اطلاع ملنے پر رینجرز نے 21 مارچ 2017 کو پارک میں تعمیر ایک اسٹور روم میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا تھا۔

مقدمے کے تحقیقاتی افسر نے رپورٹ میں بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نامزد ملزم نعمان خان کو حراست میں لے لیا تاہم مرکزی ملزم انبساط ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کیس کی سماعت کے دوران وکیل دفاع عابد زمان نے نعمان خان پر عائد الزامات سے انکار کیا اور کہا کہ غیر قانونی اسلحہ اور بارودی مواد کیس میں ان کے موکل کو پھنسایا گیا۔

دوسری جانب اسسٹنٹ پراسیکیوٹر جنرل جاوید اعوان نے دلائل پیش کیے کہ پراسیکیوشن کے پاس ملزم کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے قانون کے مطابق سزا سنانے کی استدعا کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY