چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چوری کے ووٹ سے بننے والی حکومت سینہ زوری پر اتر آئی، ابھی تو 100 دن بھی پورے نہیں ہوئے یہ 100 سے زیادہ یوٹرن لے چکے ہیں۔

گلگت میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 10 روپے کی روٹی 15 روپے کا نان،یہ ہے نیا پاکستان،واہ رے عمران خان، انہیں تو تو میں میں کے علاوہ تیسرا کوئی لفظ نہیں آتا، یہ معاشی بحران کا حل کیا نکالیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ نئے پاکستان میں مشاورت، برداشت، پارلیمانی ادب نہیں چلے گا، وہی ہوگا جو خان صاحب فرمائیں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ نئے پاکستان میں وہی چلے گا جو کنٹینر پر چلتا رہا، معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے اور یہ تالیاں بجارہے ہیں کہ ملک فتح کرلیا چاہے دھاندلی سے ہی کیوں نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ وفاقی حکومت نے 5 سال تک گلگت کی داخلی خود مختاری پر حملے جاری رکھے ،گندم کی سبسڈی کا کوٹہ کم کردیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت نے گلگت حکومت سے ٹورسٹ کو این او سی دینے کا اختیار بھی چھین لیا،آپ نے نئے پاکستان کا خاکہ تو دیکھ لیا ہوگا،یہ نوکریاں تو کیا دیتے یہ تو لوگوں سے روزگار بھی چھین رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 50 لاکھ گھر دینے والے غریبوں کے کچے مکان اور دکانیں بھی چھین رہے ہیں،ان کے آنے سے عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں،بے روزگاری عروج پر ہے، کسان بے حال ہے۔

پی پی چیئرمین نے استفسار کیا کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں کسی پاکستانی کا جان و مال محفوظ نہیں،نیا پاکستان بنانے والوں نے تو پاکستان کی بنیادیں بھی ہلاکر رکھ دی ہیں،ہم نئے پاکستان کا نام لے کر پرانے پاکستان کو تباہ کرنے والوں کا راستہ روکيں گے۔

انہوں نےکہا کہ جو سبز باغ دکھائے تھے وہ عوام کو یاد ہیں، انہیں خود کو بھول گئے ہیں ،قرض مانگنے پر خودکشی کو ترجیح دینے والے آج قرض ملنے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں ۔

بلاول بھٹو نے جلسے کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ہم اقتدار میں آکر آپ کے آئینی ،معاشی اور جمہوری حقوق کو یقینی بنائیں گے

SHARE

LEAVE A REPLY