قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا سی ٹی اسکین ٹیسٹ اسلام آباد میں مکمل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف میں سرطان کی علامات از سر نو ظاہر ہو رہی ہیں، رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس کل ہوگا۔

شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں اسلام آباد کے پرائیویٹ اسپتال لایا گیا جہاں ان کے سی ٹی اسکین ٹیسٹ کیے گئے۔ شہباز شریف کے سینے، پیٹ اور ناف کے سی ٹی اسکین ٹیسٹ کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق تمام ٹیسٹ کے بعد شہباز شریف اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے اور رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات پیش کرے گا۔

سی ٹی اسکین رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس کل ہو گا۔ سی ٹی اسکین ٹیسٹ جسم میں کینسر کے پھیلاؤ بارے معلوم کرنے کیلئے کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف میں سرطان کی علامات از سر نو ظاہر ہو رہی ہیں۔

چار رکنی میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز طبی معائنے کے بعد شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دیا تھا جب کہ میڈیکل بورڈ نے کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ بھی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔ واضح رہے کہ شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY