اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے تعلیمی اداروں کے گراؤنڈ استعمال کرنے کے خلاف درخواست کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت عالیہ نے تعلیمی اداروں کے تمام گراؤنڈز کی بحالی کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تعلیمی اداروں کے گراؤنڈز استعمال کرنے کا معاوضہ فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ معاوضہ ادا نہ کرنے پر متعلقہ کمپنیوں کی مشینری ضبط کی جائے اور اکاؤنٹس منجمد کر دیئے جائیں۔
عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے اور عدالتی نمائندے کو گراؤنڈز کی بحالی کے کام کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ کنسٹرکشن کمپنیز نے غیر قانونی طور تعلیمی اداروں کے گراؤنڈز استعمال کیے ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ گراؤنڈز کے استعمال سے وہ خراب ہو گئے ہیں اس لیے ان کی اصل حالت میں بحالی کا حکم جاری کیا جائے، نیز عدالت کنسٹرکشن کمپنیز کو گراؤنڈز استعمال کرنے کا معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دے۔













