ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابھی تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ڈیبیو کرنے والے شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ پاکستان کو سیریز جتوا سکتے ہیں، اُنہوں نے بتایا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی۔
انجری کے باعث پاکستانی پیسر محمد عباس کی کی جگہ شاہین آفریدی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تین میچوں کی سیریز میں پہلا میچ 4 رنز سے کیویز کے نام رہا، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے ایک اننگ اور 16 رنز سے شاندار فتح حاصل کی۔












