پاکستانی شوبز کا درخشاں ستارہ اور معروف اداکار علی اعجاز انتقال کرگئے۔
معروف اداکار علی اعجاز دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کرگئے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 77 سال تھی۔ علی اعجاز کی نماز جنازہ عصر کے بعد ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔ علی اعجاز نے سال 1961 میں اپنے فنی کیرئر کا آغاز ریڈیو سے کیا۔
پاکستان ٹیلی وڑن سے ڈرامہ سیریل لاکھوں میں تین میں کام کرکے شہرت سمیٹی ۔ علی اعجاز نے خواجہ اینڈ سن، کھوجی، 1976 میں سماجی فلم دبئی چلو اور شیدا ٹلی ڈراموں میں لازوال کرداری کے جوہر دکھائے اور شہرت حاصل کی۔ علی اعجاز نے اسٹیج اور تھیٹر کیلئے بھی کام کیا۔
علی اعجاز کے کیئریر پر 230 سے زائد فلمیں بھی ہیں۔ انہوں نے محمد علی، ندیم، ننھا، اداکار اسلم سمیت کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔
علی اعجاز اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بھی مصروف رہے۔ لاہور میں معمر افراد کیلئے علی اعجاز نے ایک این جی او بھی قائم کی۔ علی اعجاز فاونڈیشن کے تحت جوہر ٹاون میں 11کنال پر مشتمل این جی او کا قیام عمل میں لایا گیا۔
علی اعجاز نے مزاحیہ اداکاری کے علاوہ سنجیدہ کرداروں میں بھی اپنے آپ کو منوایا۔حکومت پاکستان نے انھیں 14اگست 1993کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ۔













