نواز شریف کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے،

0
739

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اسلام آباد کی اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا ہے، اُنہیں سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔

العزیزیہ ریفرنس میں 7سال کی سزا سنائے جانے کے بعد نواز شریف کو کل اڈیالہ جیل راول پنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

نواز شریف کی درخواست پر کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے لیے اُنہیں آج صبح سخت سیکیورٹی میں نور خان ایئر بیس پہنچایا گیا جہاں سے انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا، نیب ٹیم اور جیل اہلکار بھی نواز شریف کے ساتھ تھے۔

سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نوازشریف کےلیے بی کلاس کمرہ تیارکرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ پنجاب فضیل اصغر کہتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کوٹ لکھپت جیل کے ایک ہی کمپاؤنڈ میں الگ الگ کمروں میں رہیں گے۔

نوازشریف کے کمرے میں ٹیلیویژن، بستر، کمبل، ہیٹر، کرسی، میز رکھوا دی گئی ہے، نوازشریف کوایک مشقتی، گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت میسر ہوں گی۔

نواز شریف کی لاہور کی کوٹ لکھ پت جیل منتقلی کے موقع پر اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف میں بھی سیکیورٹی الرٹ کی گئی، ایلیٹ فورس اور جیمر گاڑی موجود تھی۔

آج علی الصبح ہی مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگئے جنہوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔

آج 25 دسمبر کو نواز شریف کی سالگرہ بھی ہے جس کے سلسلے میں نون لیگ کے کارکنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ان کی لمبی عمر کے لیے دعائیں بھی کیں۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے گزشتہ روز جیل بھیجے جانے کے بعد رات اڈیالہ جیل میں گزاری ہے، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نوازشریف کی سیکیورٹی پر 6 اہلکار تعینات رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو 7سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں نیب نے عدالت سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY