کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

0
708

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے، انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی ڈیفنس میں واقع اپنے گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو 4 گولیاں لگیں، 2 گولیاں سینے، ایک کندھے اور ایک گردن پر لگی، گولیاں انتہائی قریب سے ماری گئیں۔ پولیس جائے وقوع سے شواہد اکھٹی کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں، ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ علی رضا عابدی اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے۔

دریں اثنا آئی جی سندھ نےعلی رضا عابدی پر فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق علی رضا عابدی پر فائرنگ خیابان غازی میں گھر کے باہر ہوئی، فائرنگ گھر میں داخل ہوتے وقت کی گئی، جیسے ہی علی رضا عابدی کی گاڑی دروازے پر رکی، دو موٹر سائیکل سوار بھی آ کر رکے اور ایک نے اتر کر پستول سے فائر کیے اور چند سیکنڈز کی کارروائی کے بعد واپس بھاگ گئے۔

خیال رہے کہ دو دن قبل بھی شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور 2 کو زخمی کر دیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY