سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑ دیں گے اور قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر استعفے منظور کرنے کا کہیں گے۔
لبرٹی چوک کے جلسے کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان موجود تھے۔
عمران خان کے اس اعلان پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرویز الہیٰ کرپشن کررہے ہیں چاردن مزید کرلیں گے، اسمبلیاں توڑنے کیلئے 23 دسمبر تک جانے کی کیا ضرورت ہے، آج اسمبلیاں توڑ دیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ ن لیگ کے پاس پرویز الہیٰ کو دینے کیلئے اب کچھ نہیں، دیکھیےگا ایک ہفتے میں کیسا یوٹرن آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا کہنا ہے کہ آئینی آپشن اختیارکرنا چاہیے، پرویز الہٰی کو اسٹیبلشمنٹ یا باجوہ نے نہیں کہا کہ وہاں جاؤ، پرویز الہیٰ کو واپڈا ہاؤس سے فون آیا تھا جس کے بعد انہوں نے باجوہ صاحب کوکال کی، باجوہ صاحب نے پرویز الہیٰ کو کہا کہ آپ کی جومرضی ہے وہ کریں۔













