محض 2 ہزار روپے کی شرط جیتنے کیلئے 41 انڈے کھانے والا شخص ہلاک

0
670

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں ایک 42 سالہ شخص نے اپنے دوست کے ساتھ لگائی گئی محض 2 ہزار روپے کی شرط جیتنے کے لیے اپنی زندگی کے ساتھ کھیل کھیلا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق 42 سالہ سبھاش یادیو نے اپنے دوست کے ساتھ بیک وقت 50 انڈے کھانے کی شرط لگائی تھی اور جیتنے پر دوست سے محض 2 ہزار روپے لینے کا وعدہ لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق شرط کے مطابق سبھاش یادیو کو کوئی تاخیر کے بغیر بیک وقت 50 انڈے کھانے تھے اور ان کی جانب سے انڈے کھانے کے عمل کو کئی افراد دیکھ رہے تھے۔

رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محض 2 ہزار روپے کی شرط جیتنے کے لیے انڈے کھانے والے شخص نے بیک وقت 41 انڈے کھائے اور جب انہوں نے 42 واں انڈا کھانا شروع کیا تو وہ بے ہوش ہوگئے۔

ان کی جانب سے انڈے کھائے جانے کے واقعے کو دیکھنے والے افراد نے بے ہوش ہوجانے کے بعد انہیں مقامی ہسپتال پہنچایا، جہاں سے انہیں دوسرے بڑے ہسپتال منتقل کرنے کا کہا گیا، تاہم وہ دوسرے ہسپتال پہنچے سے قبل ہی چل بسے۔

پولیس کے مطابق بڑے ہسپتال کے ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ انڈے کھانے والا شخص ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی چل بسا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مذکورہ شخص حد سے زیادہ غذا کھانے کی وجہ سے ہلاک ہوا۔

پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا اور مر جانے والے شخص کے اہل خانہ نے اس حوالے سے مزید بات کرنے سے گریز کیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY