امریکا کے ایوان نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹ پارٹی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
جمعرات 17 نومبر کو ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نینسی پلوسی نے اعلان کیا کہ وہ جنوری 2023 میں ایوان میں ریپبلکنز کے کنٹرول سنبھالنے پر عہدہ چھوڑ دیں گی، اب وقت آگیا ہے کہ نئی نسل ڈیموکریٹک کی قیادت کرے۔
سی این این اور نیویارک ٹائمز کے مطابق 20 سال سے پارٹی کی قیادت کرنے والی نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ ایوان سے ریٹائر نہیں ہوں گی اور سان فرانسسکو کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔
ڈیموکریٹس کی جانب سے ممکنہ طور پر اسپیکر نینسی پلوسی کی جگہ نیویارک کے نمائندے حکیم جیفریز کا انتخاب کیا جائے گا، جن کو اس عہدے کیلئے طاقت ور ترین امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے پارٹی قیادت کے لیے پہلے سیاہ فام شخص حکیم جیفریز کا انتخاب ایک ممکنہ تاریخی اقدام ہوگا۔
دوسری جانب ریپبلکنز نے اپنی پارٹی سے اسپیکر لگانے کے لیے تیاری شروع کردی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں صدر جو بائیڈن کو قانون سازی میں سخت مشکلات کا سامنا ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے دوران اب تک امریکی ایوانِ نمائندگان میں حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پارٹی نے 16 نومبر تک 218 نشستیں حاصل کرکے معمولی سبقت حاصل کرلی ہے۔ آٹھ نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے مکمل نتائج میں ابھی مزید وقت لگ سکتا ہے کیوں کہ کئی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل اب بھی جاری ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 435 ارکان پر مشتمل ایوانِ نمائندگان میں کسی بھی جماعت کو برتری حاصل کرنے کے لیے کم از کم 218 نشستیں درکار تھیں اور بدھ کو ری پبلکن پارٹی نے مطلوبہ نمبر حاصل کرلیا ہے۔
حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوان میں اب تک 211 نشستیں ملی ہیں۔ اس طرح ڈیموکریٹک پارٹی کو آٹھ نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وسط مدتی انتخابات سے قبل ایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ری پبلکنز پر نو نشستوں کی برتری حاصل تھی
…………………….
Published on: 4 Jan 2019
نینسی پلوسی نے جمعرات کو ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر کا پھر سے عہدہ سنبھالا؛ اور یوں وہ امریکی سیاسی تاریخ کی طاقتور ترین خاتون بن گئی ہیں۔
اُنھوں نے یہ عہدہ ایسے وقت سنبھالا ہے جب امریکہ میں حکومت منقسم ہے اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ سیاسی مخالفت زوروں پر ہے۔
گذشتہ نصف صدی کے دوران دوسری مرتبہ اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے والی وہ پہلی خاتون ہیں۔
ایک خاتون کے لیے سیاست میں کیا چیلنج درپیش آسکتے ہیں اور اُن سے کیسے نبردآزما ہوا جائے، پلوسی خوب جانتی ہیں۔ اُنھیں جس پہلے فوری بحران سے واسطہ ہے وہ یہ ہے کہ جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن سے کس طرح نمٹا جائے۔
ایوان میں ڈیموکریٹ ارکان چھ اخراجاتی بل کا ایک پیکیج منظور کرنے والے ہیں جس کی مدد سےحکومت کا جزوی شٹ ڈاؤن ختم ہوسکتا ہے، جس کے ذریعے اُن سرکاری اداروں کو 30 ستمبر تک رقوم میسر آئیں گی، جو شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں متاثر ہوئے ہیں۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کو فنڈ مختص کرنے کے لیے ایک علیحدہ قانون سازی ضروری ہوگی۔ یہ وہ ادارہ ہے جو امریکہ میکسیکو سرحدی دیوار کے لیے رقوم کی نگرانی کرے گا، جسے آٹھ فروری تک کے لیے پیسے فراہم ہو سکیں گے۔












