مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بھتیجے اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمے دار صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔
حمزہ شہبازنے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق ہمیں کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوئے ہیں ان کی صحت سے متعلق قوم میں تشویش پائی جاتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے،انہیں کافی بیماریاں ہیں، ان کا علاج ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے ارکان نے پاکستان تحریک انصاف سے اس حوالے سے تحریری معاہدے کا مطالبہ کیا تھا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ نیازی صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، حکومت نئے صوبے بنائے، ہم غیر مشروط حمایت کریں گے،ہم تو پہلے دن سے آپ کے ساتھ بیٹھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سکھر موٹر وے 393کلو میٹر طویل منصوبہ ہے جو تقریباً مکمل ہو گیا تھا، نیازی صاحب میٹرو کو جنگلا بس کہا کرتے تھے۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 5سال بعد انہیں پشاور میں میٹرو بس منصوبہ بنانے کا خیال آیا، جس کا تخمینہ 100ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ملک اب بھی وہاں کھنڈر ہے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ موڈیز نے یہ بھی کہا ہے کہ آنے والے وقت میں مشکلات بڑھیں گی، ڈالر کی قدر کم ہونے پر برآمدات بڑھتی ہیں، اگر پاکستان کی پرواہ نہیں ہے تو خدارا کریں،ہوش کے ناخن لیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 5 مہینے بعد نیازی صاحب کو ہوش آیا ہے کہ معیشت ٹھیک نہیں، مانگے تانگے کے ڈالروں سے معیشت کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ 5 ماہ میں انہوں نے 2 آئی جیز کو چپڑاسی کی طرح فارغ کیا اور عدالت میں معافی مانگی، ہم نے ڈی جی خان میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی ،میں سوال کرتا ہوں تو اس کے جواب میں ہمیں گالیاں سننے کو ملتی ہیں۔












