امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف نیویارک ٹائمز کی حالیہ رپورٹ پر اخبار کو عوام دشمن قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے اور یہ لوگ عوام کے دشمن ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیویارک ٹائمز کے خلاف بیان منظر عام آنے کے بعد نیویارک ٹائمز نے جواب دیا کہ ’ہم اپنی تحقیقاتی رپورٹ پر ثابت قدم ہیں جس کی تیاری میں وائٹ ہاؤس کے خفیہ دستاویزات، سابق اور موجودہ حکومتی حکام اور صدر کے قریبی ساتھیوں کا تعاون شامل رہا۔
واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز کی جانب سے 19 فروری کو ایک رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات اور ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر سے متعلق انکشاف کیے گئے۔












