بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کوواہگہ بارڈرپر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر لایا گیا، جہاں انہیں بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کے حوالے کیا گیا
بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا۔ اس موقع پر پنجاب رینجرز کے خصوصی کمانڈوز کے دستے تعینات کیے گئے تھے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق انڈین ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی اور روانگی سے متعلق بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ اور ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں سفری دستاویزات کے ساتھ لاہور میں موجود رہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دفتر خارجہ نے پاکستان کی حراست میں موجود بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی حوالگی سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کردیا تھا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ آمد کے موقع پر انہیں بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ آج کسی بھی وقت بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بذریعہ واہگہ روانہ کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کرین ابھی نند کے سفری دستاویزات لے کر لاہور روانہ ہوگئے ہیں اور وہ ہی بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت چھوڑنے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ واہگہ سرحد پر بھارتی پائلٹ کو بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ امن کے قیام کی کوشش کو ہماری کمزوری نہیں سمجھا جائے، یہ کمزوری نہیں ہے، پاکستان کی تاریخ میں جب ہم پیچھے دیکھتے ہیں تو بہادر شاہ ظفر تھا اور ٹیپو سلطان، بہادر شاہ ظفر نے موت کے بجائے غلامی کو چنا تھا جبکہ ٹیپو سلطان نے غلامی کو نہیں چنا تھا، اس قوم کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے۔













