بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ابوظہبی میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا کسی مذہب سے ٹکراؤ نہیں ہے۔ دہشت گردی زندگیاں تباہ کر رہی ہے۔ خطے کو کمزور کر رہی ہے اور اس نے دنیا کو ایک بڑے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

سشما نے مزید کہا کہ دہشت گردی مخالف جنگ کسی مذہب کے خلاف ہو ہی نہیں سکتی۔ اسلام کا مطلب ہی امن ہے۔ اللہ کے 99 ناموں میں سے کسی کا بھی مطلب تشدد نہیں ہے۔

انھوں نے اپنی 17 منٹ کی تقریر میں پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر ہم انسانیت کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں ان ملکوں سے، جو دہشت گردی کو پناہ اور سرمایہ فراہم کرتے ہیں، کہنا چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں دہشت گردی کے تربیتی کیمپوں اور بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کریں اور دہشت گرد گروپوں کو سرمایہ فراہم کرنا بند کریں۔

متحدہ عرب امارات نے سشما کو مہمان خصوصی کے طور پر اجلاس میں مدعو کیا ہے۔ ان کو مدعو کیے جانے کے خلاف بطور احتجاج پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY