جرمن حکومت جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں جاری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر پانچ ملین یورو تک کی مالی امداد کر سکتی ہے۔ اس بات کا اعلان آج ہفتے کے روز ترقیاتی امداد کے جرمن وزیر گیرڈ ملّر نے ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گیرڈ مُلر کے علاوہ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھی وینزویلا میں قبل از وقت انتخابات جلد از جلد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حال ہی وینزویلا میں غیر ملکی امداد کو ملک میں لانے کے معاملے پر صورتحال کافی کشیدہ رہی ہے۔ اپوزیشن رہنما اور خود کو وینزویلا کے عبوری صدر قرار دینے والے خوان گوآئیڈو غیر ملکی امداد وینزویلا لانا چاہتے ہیں تاہم صدر نکولاس مادورو نے سکیورٹی فورسز کو اس امداد کا راستہ روکنے کا حکم دے رکھا ہے۔












