حکومت نے حج درخواستیں وصول کرنے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کر دی ہے، اب متعین کردہ بینک برانچز میں درخواستیں 9 مارچ تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے نامزد کردہ بینک عازمین حج سے واجبات کے ساتھ 9 مارچ تک درخواستیں وصول کریں گے۔ بینک اپنی متعین کردہ شاخیں 9 مارچ ہفتہ صبح 10 بجے تا دوپہر ڈھائی بجے تک کھلی رکھیں گے۔
گزشتہ سال 1 لاکھ 80 ہزار کے قریب پاکستانیوں نے فریضہ حج کی ادائیگی کی تھی۔ سعودی عرب کی جانب سے رواں سال پاکستان کے لیے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے پاکستانی حجاج کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فیصلے پر سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی حجاج کرام کا کوٹہ 2 لاکھ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے مشکور ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اپنی طرف سے، اپنی حکومت کی جانب سے اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری سے رابطہ کر کے پاکستانی حجاج کے لیے کوٹہ میں اضافے پر سعودی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے باضابطہ طور پر پاکستانی ہم منصب کو فیصلے سے آگاہ کیا۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کے کوٹہ میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں حج کوٹہ بڑھانے کا معاملہ اٹھایا تھا۔













