گزشتہ بیس برسوں سے شمالی افریقی ملک الجزائر کے صدر چلے آ رہے عبدالعزیز بوتفليقہ نے عوامی احتجاج کے سامنے ہار مان لی ہے۔
انہوں نے اب پانچویں مرتبہ صدارتی امیدوار نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیاسی سالہ صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اٹھارہ اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات بھی ملتوی کیے جا رہے ہیں۔
اب یہ انتخابات ایک ’قومی کانفرنس‘ کے انعقاد کے بعد کرائے جائیں گے۔ یہ قومی کانفرنس رواں برس کے آخر تک ملکی سیاسی نظام میں اصلاحات اور ایک نئے آئین کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔
صدر بوتفلیقہ کی طرف سے اعلان کردہ صدارتی امیدواری کے خلاف گزشتہ دو ہفتوں سے بھی زائد عرصے سے الجزائر میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے جاری تھے۔












