اقوام کی کامیابی کا ایک فلسفہ اور آزمودہ گُر یہ بھی ہے کہ وہ بروقت اور بر محل فیصلے کرتی ہیں۔ اچھے سے اچھا فیصلہ بھی اگر وقت پر نہ کیا جائے تو نیکی اکارت جاتی ہے اور ایسا فیصلہ ردی کی ٹوکری کے علاوہ کوئی زیادہ اہمیت نہیں رکھتا
نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق پچاس سے زیادہ لوگ بے گناہ مارے جا چکے ہیں جن میں سے اب تک نو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے اور یہ خاصی بڑی تعداد ہے
پاکستان کی موجودہ حکومت ماضی کی تمام حکومتوں کے مقابلے میں اول تو وقت پر کوئی فیصلہ نہ کرنے کی قسم کھائی ہے اور دوسرے یوٹرن کے فلسفے نے سیاسی اکابرین کی ذہنی اور فیصلہ کرنے کی عدم قوت پر مہر لگا دی ہے
برطانیہ سمیت دنیا کے بہت سے ممالک نے اظہار یک جہتی اور ہمدردی کے طور پر اپنے قومی پرچم سرنگوں کیئے لیکن جس ملک کے نو شہری مارے گئے اسے نہ تو پرچم سرنگوں کرنے کا خیال آیا اور نہ ہی کسی کونے سے غائبانہ نماز جنازہ کی خبر ملی۔ اب اگر ایسا کسی دورافتادہ دیہات میں ہوا ہو تو ہمارے علم میں نہیں
دیر آئید درست آئید کا محاورہ ہر موقع پر درست نہیں ہوتا اور ایسا ہی اس بار بھی ہے۔ دو روز کے بعد اور سوشل میڈیا پر بلند آواز میں تنقید کے بعد آخر کار سرکاری مشیروں وزیروں اور افلاطونوں کو خیال آ ہی گیا کہ اس سوگ میں قومی پرچم کو سرنگوں کیا جائے
مگر یہ فیصلہ بھی کسی بوقلمونی سے پاک نہیں کہ آج سترہ مارچ بروز اتوار وزیر خارجہ نے یہ اعلان کیا لیکن یہ کہہ کر ٍحیرت میں ڈال دیا کہ پرچم کل اٹھارہ مارچ پیر کے روز سرنگوں کیا جائے گا۔ ہم کم علم لوگوں کی سمجھ میں ملتان کے گدی نشین شاہ صاحب کی یہ منطق نہیں آئی کہ آج فوری طور پر پرچم سرنگوں کرنے میں آئین کی کونسی شق سد راہ ہوتی ہے۔ عقل کُل کے حامل وزیرو مشیرو یہ کام فوری طور پر کیوں نہ ہو سکا۔۔کیا جواب ہے اس منطق کا
اس ضمن میں مکمل خبر بھی دیکھ لیجئے
۔۔۔۔۔۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سانحہ نیوزی لینڈ میں کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہنیوزی لینڈ بہت صدمے میں ہے۔نیوزی لینڈ مساجد پرحملے میں کل پاکستان کا پرچم سرنگوں رہےگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ پولیس کےمطابق ابتدائی تحقیقات کےمطابق قاتل ایک ہی شخص ہے،حملہ آور نے پہلے ایک مسجدمیں فائرنگ کی پھردوسری مسجد میں پہنچاجبکہ حملےکا یہ عمل 36منٹ تک جاری رہا۔
وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان جوفیصلہ کریں گے ہم ان کی خواہش پوری کریں گے۔ 6شہداء کے خاندانوں نےوہیں نیوزی لینڈ میں تدفین کا فیصلہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صفدر ھمدانی













