وفاقی ادارہ محصولات نے ٹیکس چوری اور ٹیکس ادا نہ کرنے میں ملوث افراد اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر کے تیرہ ارب بیالیس کروڑ روپے کا ٹیکس وصول کرلیا ۔
ایف بی آر کے مطابق ملک کے تمام بڑے شہروں میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ ٹیکس چوری کے الزام کے تحت 424 کیسوں پر کارروائی کی گئی اور تین ارب بیاسی کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔
اس کے علاوہ ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جنھوں نے اپنا واجب الادا ٹیکس ادا نہیں کیا تھا اور نہ ہی کسی عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کیا تھا ۔ ایسے کیسز میں کارروائی کر کے آٹھ ارب تئیس کروڑ روپے حاصل کیے گئے ۔ اس کے علاوہ 6 ہزار 451 ایسے کیس شناخت کیے گئے جن کی معاشی سرگرمی زیادہ تھی ۔ ان سے ایک ارب سینتیس کروڑ روپے کی رقم حاصل کی گئی ۔












