صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں آپریشن ضرب عضب، بلوچستان اور کراچی آپریشن تاریخ کا سنہری باب ہیں، ان کا کردار افواج پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں ایوان صدر میں الوداعی عشائیے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر صدر ممنون کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے یقین دلایا ہے کہ مقاصد کے حصول تک کوئی آپریشن ختم نہیں ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے بہت اہم دن ہے، اس طرح سے تبدیلی خوش آئند ہے، اللہ اسے قائم و دائم رکھے، غلط فہمیاں پھیلانے کا ماحول ختم کریں گے۔

صدر نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو عزت، وقار اور بھاری دل کے ساتھ الوداع کر رہے ہیں لیکن یہ دنیا کا دستور ہے۔

صدر ممنون حسین نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ اور بلوچستان آپریشن میں مشیر سلامتی ناصر جنجوعہ کے کردار کو بھی سراہا۔

عشائیےمیں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، وفاقی کابینہ کے ارکان اسحاق ڈار، عبد القادر بلوچ، رانا تنویر، احسن اقبال، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس سے قبل آرمی چیف ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت ممنون حسین سے مختصر ملاقات کی جس کے بعد دونوں نے تقریب میں شریک افراد سے فرداً فرداً مصافحہ کیا

SHARE

LEAVE A REPLY