وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے عہدہ سنبھال لیا۔
وزارت آمد پر سیکریٹری اطلاعات و دیگر حکام نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا استقبال کیا۔
سیکریٹری اطلاعات نے وزارت کے امور پر وزیراعظم کی معاون خصوصی کو بریفننگ دی
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ اور پروفیشنل ہر حکومت کی ضرورت رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”اختلافی نوٹ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وزیراعظم کا اعتماد نہیں کھویا، اگر انہوں نے اعتماد کھویا ہوتا تو دوسری وزرات نہ ملتی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل میڈیا کی خبروں پر نہیں ہوتی۔ ہر حکومت میں ردوبدل ہوتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومت بھی ٹیکنوکریٹ کے ساتھ جڑی رہی۔ ٹیکنوکریٹ اور پروفیشنل ہر حکومت کی ضرورت رہے ہیں۔
ان کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر گراؤنڈ کے مختلف چیلنجز ہوتے ہیں۔ جب آئی ایم ایف سے بات چیت ہو رہی تھی تو متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا جا رہا تھا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا ٹیم میں ایک رول ہے، میں ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہوں۔ میں عمران خان کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ وزیراعظم کا استحقاق ہے وہ کس کو کیا پوزیشن دیتے ہیں۔












