یورپی یونین کے رکن ملکوں کا ایک اہم سربراہی اجلاس رواں مہینے ہونے والے یورپی پارلیمانی الیکشن کے دو روز بعد ہو گا۔ اٹھائیس رکن ممالک میں یورپی پارلیمانی انتخابات تئیس سے لے کر چھبیس مئی تک چار مرحلوں میں ہوں گے۔
الیکشن کے بعد وجود میں آنے والی نئی پارلیمنٹ کے ساتھ یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کئی اہم معاملات پر اشتراک عمل کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہی میں سے ایک موضوع یورپی کمیشن کے موجودہ صدر ژاں کلود ینکر کے جانشین کا انتخاب بھی ہو گا۔
یونین کے ذرائع کے مطابق اس سے قبل نو مئی کو رومانیہ کے وسطی شہر سِی بیُو یونین کی ایک غیر رسمی سمٹ بھی ہو گی۔











